”اپنی چھت اپنا گھر”پراجیکٹ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے جامع پلان طلب
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے جامع پلان طلب کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتخابی مہم کے دوران ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے جامع پلان طلب کر لیا۔مریم نواز نے پنجاب میں ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پراجیکٹ کے سلسلے میں خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔انہوں نے اس منصوبے پر عمل کے لیے حکمت عملی طلب کرلی، جس کے تحت صوبے کے ہر ضلع میں کم آمدن والے افراد کے لیے 3 ہزار سے زائد گھر بنائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 6ہفتوں میں ماڈل گھر تیار کرنے، ان کی ڈاؤن پے منٹ اور ماہانہ قسط کم سے کم رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں کم آمدن والے بے گھر افراد کو بنے بنائے گھر دیے جائیں گے۔ غریب کے لیے چھت مہیا کرنا ہمار امنشور ہے،وعدہ ضرور پورا کریں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ بنے بنائے گھروں کی تعمیر میں تعمیراتی معیار اورپائیدار ی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔کم آمدنی والے لوگوں کے لیے گھر شہروں کے قریب ہوں تاکہ انہیں آمدورفت میں بھی آسانی ہو۔


