کوئٹہ زرغون ہاﺅسنگ اسکیم میں چوتھا ٹرانسفارمر بھی چرا لیا گیا، متعلقہ ادارے بے بس
کوئٹہ (این این آئی) زرغون ہاﺅسنگ سکیم میں ٹرانسفارمر چوری کی وارداتیں نہ رک سکیں گزشتہ روز چوتھا ٹرانسفارمر بھی چرا لیا گیا۔زرغون ہاﺅسنگ اسکیم ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر محمد رمضان ملا خیل نے بتایا کہ تمام وارداتیں ایک ہی طریقے سے کی جارہی ہیں ٹرانسفارمر کو نیچے اتار کر قیمتی کوئل چرا لی جاتی ہیں دوسری طرف کیو ڈی اے اور متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں ایک دوسرے پر ڈالتے ہیں پچھلی چوری کی وارداتوں کی ایف آئی آر بھی ایسوسی ایشن نے عدالت کے ذریعے کرائی مگر پولیس نے کوئی خاطر خواہ تفتیش کی نہ ہی ٹرانسفارمر چوروں تک پہنچ سکی ہے انہوں نے مزید کہا کہ کیو ڈی اے کا ادارہ زرغون ہاﺅسنگ سکیم میں اپنے قیمتی اثاثوں کی حفاظت میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے اسکیم میں لگے تمام سائن بورڈ گٹر کے ڈھکن ٹیوب ویل میں قیمتی مشینری کے پرزہ جات ،کھڑکیاں ، دروازے اور دفتر میں کئی چیزیں چوروں کے ہاتھ لگ چکی ہیں حالانکہ زرغون پولیس اسٹیشن زرغون ہاﺅسنگ سکیم کے احاطے میں ہی موجود ہے جہاں پورے علاقے میں گشت کی گاڑیاں موٹر سائیکل اور نفری دن اور رات آتی جاتی ہے مگر چوروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکی جبکہ کیسکو کا گرڈسٹیشن اور اس کی سیکورٹی بھی اسی سکیم میں موجود ہے کیو ڈی اے کے محکمے کا سیکورٹی عملہ بھی موجود ہے مگر چوری کی وارداتیں مسلسل ہورہی ہیں انہوں نے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی سے اپیل کی کہ وہ چوری کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ادارے سے اس حوالے سے رپورٹ طلب کریں اور ایسوسی ایشن میں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کا تدارک کیا جائے۔


