خضدار میں بے امنی اور قتل و غارت کا راج، مکین ہجرت پر مجبور، حکومت تحفظ دے، اسرار اللہ زہری
خضدار (بیورو رپورٹ) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے مرکزی صدر سابق وفاقی وزیر میر اسرار اللہ خان زہری نے کہا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب رات کی تاریکی میں خضدار بازگیر میں گھر میں گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بناکر لوٹ مارکرکے مزاحمت پر مالک مکان تاجر حاجی علی حسن محمد حسنی کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خضدار میں بدامنی عروج پرہے۔ پے درپے علاقے میں لوگوں کا قتل یہاں کے رہائشی تاجروں سیاسی رہنماﺅں کی زندگیوں کو داﺅ پر لگا دیا ہے، آئے روز علاقے میں چوری، ڈکیتی، زہزنی میں لوگوں کا قتل ہورہا ہے، اس سے قبل سنی میں موٹرسائیکل اور موبائل کیلئے نوجوانوں کو قتل کیاگیا اور قاتل بآسانی سے فرار ہوگئے، علاقے میں بدامنی، قتل وغارت کی وجہ سے لوگ خضدار چھوڑنے پر مجبور ہیں، خضدار میں مختلف قوموں کے متعبرین معززین شریف شہری چند اشتہاریوں، ڈاکوﺅں، رہزنوں کے رحم و کرم پر ہیں۔ شریف عزت دار پرامن لوگ علاقہ میں رہنے کے قابل نہیں رہے۔ ان خیالات کا اظہار بی این پی (عوامی) کے سربراہ میر اسرار اللہ خان زہری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میر اسرار اللہ خان زہری نے کہا کہ علاقے میں انتظامیہ خواب غفلت میں سوئی ہوئی ہے، بازگیر خضدار میں تاجر رہنما کا قتل ان کے اہلخانہ کو یرغمال بناکر درجن بھر سے زائد مسلح افراد کا گھر میں گھس جانا خضدار کے امن پر کاری ضرب اور سوالیہ نشان ہے، قتل کے بعد قاتل بآسانی موقع واردات سے فرارہوگئے، خضدار میں اب تک موٹرسائیکل اور موبائل کیلئے دو نوجوانوں کا بے گناہ قتل کیا گیا لیکن آج تک ایک بھی قاتل کا سراغ نہ مل سکا۔ خضدار میں ہفتہ اور اتوار کی شب ایک تاجر کا مزاہمت پر قتل قاتلوں کا فوری گم ہونا یہاں کے رہائشی مکینوں کو علاقہ سے ہجرت کروانے پر مجبور کررہی ہے خضدار ایک پرامن علاقہ ماناجاتا تھا یہاں کئی دہائیوں سےمختلف قبائل کے لوگ رہ رہے ہیں مگر آجکل رات کو مسلح افراد کا اچانک گھروں میں گھس جانا اور گھر والوں کو فائرنگ کرکے قتل کرنا سمجھ سے بالاتر ہے ، میر اسرار اللہ خان زہری نے المناک واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتول کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار مقتول کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ آخر میں میر اسرار اللہ خان زہری نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان، کمشنر قلات ڈویژن، ڈپٹی کمشنر خضدار سے مطالبہ کیا ہے کہ خضدار میں بدامنی کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں اور مقتول تاجر رہنما حاجی علی حسن محمد حسنی کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔


