گوادر کے سیلاب متاثرین کا شفاف سروے اور امداد مستحقین تک پہنچائی جائے، مولانا ہدایت الرحمن
گوادر (بیورو رپورٹ) 27 فروری کو ہونے والی طوفانی بارشوں کی سروے صاف و شفاف ہونا چاہیے۔ جو متاثر ہوا ہے اسکا نام فہرست میں شامل ہونا چاہیے اور جو متاثر نہیں ہوا ہے اسکا نام فہرست میں کسی طور بھی برداشت نہیں کریں گے۔ سیاسی اور ووٹروں کی بنیاد پر فہرست قابل قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہار حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ و ایم پی اے ضلع گوادر مولانا ہدایت الرحمن نے گوادر پریس کلب گوادر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس طوفانی بارشوں میں ضلع گوادر کے عوام کو چار قسم کے نقصانات ہوئے ہیں۔ لوگوں کے مکانات منہدم ہوگئے ہیں لوگوں کی چار دیواریاں گر گئی ہیں۔ دیہات میں لوگوں کے بندات تباہ ہوگئے ہیں۔ ماہیگیروں کو کافی نقصانات ہوئے ہیں لوگوں کی کشتیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔ دیہات میں لوگوں کے مال مویشیوں کا نقصان ہوا ہے۔ اس وقت تک مطمئن نہیں ہوں گے جب تک لوگوں کے نقصانات کا تلافی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے جتنے نقصانات ہوئے تھے ان کی فہرستیں سیاسی بنیادوں اور ذاتی دوستی کی بنیادوں پر بنائے گئے تھے۔ جس سے بہت سے متاثرین نظر انداز ہوگئے تھے۔ لیکن اس مرتبہ انتظامیہ سے مٹینگ کرکے انکو بتایا ہے کہ اس دفعہ فہرست سیاسی اور ووٹروں کی بنیاد پر نہیں بنائی جائیں۔ جو اس بارشوں سے متاثر ہوا اسکا نام فہرست میں ہونا چاہیے اور جو متاثر نہیں ہوا ہے اس کا نام ہرگز فہرست میں نہیں ہونا چاہیے۔ اگر جو متاثر نہیں ہوا ہو اور اسکا نام فہرست میں شامل ہو تو متعلقہ پٹواری کیخلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے ڈرینج اور سیوریج بناتے وقت شہری آبادی کا کسی طور بھی لحاظ نہیں کیا گیا۔ اربوں روپے کا فنڈ و امداد ملکی و غیر ملکی سطح پر گوادر کے لیے آئے تھے لیکن صحیح نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کے سبب لوگوں کے مکانات بارشوں سے گر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ضلع گوادر کے لیے آنے والے اربوں روپے کے فنڈ کہاں گئے ایک تحقییقاتی کمیٹی بنائی جائے۔ ضلع گوادر میں 18 سے بیس محکمے ہیں ان محکموں کی کارکردگی کیا ہے اور انکے فنڈ کہاں خرچ ہوئے ہیں ہر محکمے کا الگ الگ کمیٹیاں بنائی ہیں اور ایڈوائزر بنائے ہیں اور یہ کمیٹیاں تمام اداروں کے کارکردگی پر تحقیقات کرینگے۔ انھوں نے کہاکہ ہم نے اپنا سو دنوں کا پلان بنایا ہے اس سو دنوں میں ہمیں کیا کرنا ہے سب اس پلان میں شامل ہیں۔ انہوں نے کا ہماری یہ تحریک جمہوری مزاحمتی تحریک ہے ظلم کے خلاف روڈوں پر بھی احتجاج ہوگا اور اسمبلی فلور میں بھی احتجاج کرینگے۔ اپنے عوام کے حقوق کا ہر صورت دفاع کرینگے انکا ساتھ کسی طور بھی نہیں چھوڑینگے۔ پریس کانفرنس میں حق دو تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل حفیظ کھیازئی، ضلعی چیئرمین بشیر ہوت، جمیل آدم اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔


