ماہ رمضان میں بھی ژوب میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ، شہری ذہنی اذیت میں مبتلا
ژوب (یو این اے)رمضان المبارک کے مہینے میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ سے شہری ذہنی کربت میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ بجلی کے ٹرانسمشن پر لوڈ نہ آنے کے پیش نظر شہر کو مختلف فیڈرز میں تقسیم کیا گیا ہے لیکن سردیوں میں کیسکو ژوب نے باری باری کا سسٹم بنا کر صارفین کے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شہر کے تمام فیڈرز کو چوبیس گھنٹے میں صرف آٹھ گھنٹے لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے ساتھ بجلی مہیا کی جاتی تھی لیکن اب باری باری سسٹم کے مطابق، دو روز بعد ہر فیڈر کی بجلی اٹھائیس گھنٹوں کیلئے مسلسل بند کردی جاتی ہے جس سے گھریلو صارفین اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے اس کے خلاف احتجاج، مظاہرے اور دھرنے بھی ریکارڈ کروائے لیکن جوں کا توں تک نہیں ہوا۔ رمضان المبارک میں صارفین اندھیرے میں افطاری اور سحری کرنے پر مجبور ہیں۔ رمضان المبارک کے آتے ہی جہاں پورے پاکستان میں لوڈشیڈنگ میں کمی ہوتی ہیں لیکن دوسری طرف ژوب میں وہی پرانا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، کسیکو چیف اور دیگر سے اپیل کی ہے کہ رمضان کے مبارک مہینے میں باری باری سسٹم کا نوٹس لیں بصورت دیگر کسیکو ژوب کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے۔


