آئی ایم ایف نے نئے پروگرام کیلئے پاکستان سے مزید اقدامات کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے نئے پروگرام کے لیے پاکستان سے مزید اقدامات کا مطالبہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف حکام سے مذاکرات میں وزارت خزانہ، توانائی اور ایف بی آر حکام نے شرکت کی۔آئی ایم ایف حکام کو وفاقی وزیرتوانائی مصدق ملک نے بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے نئے پروگرام کے لیے مزید اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کو بجلی اور گیس کے گردشی قرض منجمد رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ آئی ایم ایف نے بجلی و گیس چوری ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے حکومتی ڈسکوز کی انتظامیہ نجی شعبے کو دینے کا ٹائم فریم مانگ لیا ہے۔ آئی ایم ایف نے زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بجلی بل وصولی آﺅٹ سورس کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ آئی ایم ایف نے کیپٹو پاور پلانٹس کو مقامی گیس فراہمی بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے حکومتی شعبے میں 4 بڑے پلانٹس کو مکمل استعداد پر چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی ایم ایف نے ایف بی آر میں ڈیجیٹلائزیشن تیزی سے مکمل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع ایف بی آر کے مطابق مذاکرات میں ٹیکس وصولی بڑھانے کے لیے عملے کے بجائے ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ حکام کی جانب سے آئی ایم ایف کو رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ آئی ایم ایف کو زراعت، دکانوں اور رئیل اسٹیٹ سے پورا ٹیکس وصولی کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ ایف بی آر نے رواں مالی سال ٹیکس ہدف کے حصول کے لیے رئیل اسٹیٹ اور ریٹیلرز سے ٹیکس وصولی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں