کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کی آرمی چیف سے ملاقات، امن کے فروغ پر زور

راولپنڈی(انتخاب نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے درمیان ملاقات ہوئی، اس ملاقات میں دو طرفہ فوجی تعاون مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی، آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی، انسداد دہشتگردی کی کوششوں اور تربیتی تبادلوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے روایتی مضبوط دفاعی، سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ملاقات کے دوران بحرین کے ساتھ فوجی تعلقات کو بڑھانے کے لئے پاکستان کا عزم دہرایا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر بحرینی کمانڈر نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا جبکہ انہوں نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کا اعتراف بھی کیا۔بعد ازاں معزز مہمان نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنے کیلئے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں