وزیراعلیٰ بلوچستان کے احکامات نظر انداز، کوئٹہ میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ ہوسکا
کوئٹہ ( آن لائن)کوئٹہ میں رمضان المبارک کے مہینے میں گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہ ہوسکا عوام صبح اور شام کے اوقات میں گیس کی بندش سے عذاب میں مبتلا ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے گیس اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے احکامات کو بھی نظر انداز کرکے تا حال بجلی اور گیس کی فراہمی ممکن نہیں بنائی جاسکی۔ صوبائی دارالحکومت رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے خصوصاً امور خانہ داری میں خواتین کو گیس کی بندش کے باعث شدید دشواری پیش آرہی ہے ایل پی جی گیس اور سوختنی لکڑی کی بڑھتی ہوئی قیمتوںنے عوام کی مشکلات کو بڑھا دیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کے اعلانات کئے گئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں گیس اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر اور کیسکو چیف کو احکامات جاری کئے تھے اس کے باوجود سحری اور افطاری کے علاوہ دن کے اوقات میں بھی کوئٹہ کے مختلف مضافاتی اور دیگر علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل رہنے کے ساتھ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔


