گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر سمیت اساتذہ کے اغوا کے خلاف صوبے بھر کی جامعات میں کل بلیک ڈے منانے کا اعلان
کوئٹہ(آن لائن) اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان اور فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا) بلوچستان چیپٹر کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیس ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد، لیکچرر ڈاکٹر ارشاد احمد اور ان کے اسٹاف کو گزشتہ پانچ روز قبل مین ہائی وے مستونگ روڈ کھڈکوچہ کے قریب اٹھا لیا گیا تھا، تاہم تاحال ان کی بازیابی عمل میں نہیں لائی جا سکی، جس کے باعث اساتذہ، طلباءو طالبات اور عوام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔اس سلسلے میں آج اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان اور فپواسا بلوچستان چیپٹر کا ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ بروزِ منگل 19 مئی کو صوبے بھر کی تمام جامعات میں یومِ سیاہ منایا جائے گا، جبکہ بروز بدھ 20 مئی کو صبح 11 بجے صوبے کی تمام جامعات میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔بلوچستان کی تمام یونیورسٹیوں کے اساتذہ کرام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز کے پلیٹ فارم سے طلباءاور ملازمین کے ہمراہ بھرپور انداز میں بلیک ڈے اور احتجاجی ریلیوں میں شرکت کریں۔ اعلامیے میں حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا گیا کہ اغوا شدہ وائس چانسلر، پرو وائس چانسلر، لیکچرر اور ان کے دیگر ساتھیوں کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔اس امر پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ماضی میں بھی اساتذہ پر متعدد حملے ہو چکے ہیں، جن میں کئی اساتذہ شہید اور کئی لاپتہ کیے جا چکے ہیں۔ حال ہی میں بلوچستان یونیورسٹی کے خاران کیمپس کے پروفیسر دلاور خان کو شہید کیا گیا، جبکہ چند روز قبل نوشکی میں پروفیسر غمخوار حیات کو بھی قتل کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ان افسوسناک واقعات کے تعلیمی نظام پر نہایت منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔آخر میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اساتذہ، طلباءاور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بناتے ہوئے اغوا شدگان کی فوری بازیابی یقینی بنائی جائے۔ ساتھ ہی تمام جامعات کے اساتذہ سے اپیل کی گئی کہ وہ بلیک ڈے اور احتجاجی ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں۔


