پشتونخواہ میپ سندھ کا کراچی کے مختلف علاقوں میں پختون آبادیوں میں بڑھتے ہوئے عوامی مسائل پر تشویش کا اظہار

کراچی: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں بالخصوص بنارس چوک، اورنگی ٹاؤن اور دیگر پختون آبادیوں میں بڑھتے ہوئے عوامی مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں کے عوام طویل عرصے سے بجلی اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ، پینے کے صاف پانی کی قلت، تعلیمی اداروں کی کمی، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، نکاسی آب کے ناقص نظام، بے روزگاری اور قبضہ مافیا کی سرگرمیوں جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ بارہا شکایات اور توجہ دلانے کے باوجود عوامی مسائل حل ہونے کے بجائے مزید بڑھتے جا رہے ہیں۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ نے کہا کہ بنارس، اورنگی اور دیگر پختون آبادیوں میں قبضہ مافیا سرکاری و عوامی اراضی پر غیر قانونی قبضوں میں ملوث ہے جبکہ غریب عوام کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ حکام اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، جس کی وجہ سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان نوجوان نسل کے مستقبل کو متاثر کر رہا ہے۔ سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی کمی کے باعث ہزاروں بچے اور بچیاں معیاری تعلیم سے محروم ہیں جبکہ سرکاری اسپتالوں اور بنیادی صحت مراکز کی ناقص صورتحال عوام کیلئے شدید مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے۔ پارٹی نے سندھ حکومت، میئر کراچی، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ: بنارس چوک، اورنگی اور دیگر پختون آبادیوں میں بجلی، گیس اور پانی کی فراہمی کو فوری بہتر بنایا جائے۔قبضہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔سرکاری تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور بنیادی صحت مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ٹوٹی سڑکوں، سیوریج اور صفائی ستھرائی کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔پختون آبادیوں میں شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنا کر عوام کے احساس محرومی کا خاتمہ کیا جائے۔بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر عوامی مسائل فوری طور پر حل نہ کیے گئے تو پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ عوام کے ساتھ مل کر جمہوری احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کراچی کے مظلوم اور محروم عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں