کوئٹہ تفتان شاہراہ پر تیز ہواﺅں کے باعث ریت کے ٹیلے سڑک پر جمع ہوگئے، آمدورفت میں مشکلات اور خطرات کا سامنا
نوکنڈی (نامہ نگار) نوکنڈی کے قریب کوئٹہ تفتان بین الاقوامی شاہراہ علم ریگ کے مقام پر تیز ہواﺅں کے باعث ریت کے ٹیلے سڑک پر جمع ہوگئے، جس کے باعث ٹرانسپورٹرز، زائرین اور عام مسافروں کو شدید مشکلات اور خطرات کا سامنا ہے۔ یہ اہم شاہراہ پاکستان کو ایران کے راستے ترکیہ اور یورپ سے ملاتی ہے اور روزانہ سینکڑوں مال بردار گاڑیاں، آئل ٹینکرز اور مسافر کوچز اس روٹ سے گزرتی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں ہواﺅں کی شدت بڑھنے کے باعث ریت مسلسل شاہراہ پر جمع ہورہی ہے، جس کی وجہ سے کئی مقامات پر سڑک کی اصل حدود واضح نہیں رہتیں۔ رات کے اوقات میں صورتحال مزید خطرناک ہوجاتی ہے جبکہ ڈرائیورز کو گاڑیاں چلانے میں شدید دشواری پیش آتی ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ شاہراہ پر ریت جمع ہونے سے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور اگر فوری طور پر صفائی اور مستقل اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے۔ عوامی حلقوں نے این ایچ اے اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علم ریگ اور دیگر مقامات پر ریت کے ٹیلوں سے فوری طور پر شاہراہ کو صاف کیا جائے اور مستقبل میں ریت کو ہٹانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ بین الاقوامی شاہراہ پر سفر محفوظ بنایا جاسکے۔


