نیوکلیئر سے حاصل توانائی ماحول دوست ہے، وزیر خارجہ کا جوہری انرجی سربراہی اجلاس میں خطاب
برسلز (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ جوہری توانائی کے پرامن مقاصد کیلئے پاکستان اپنے تجربات دنیا سے شیئر کرنے کو تیار ہے، جوہری توانائی سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پہلے جوہری توانائی سربراہی اجلاس میں شرکت باعث اعزاز ہے، نیوکلیئر سے حاصل توانائی ماحول دوست ہے۔توانائی کے مسائل کے حل کیلئے پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں، اس وقت دنیا کو صاف اور سستی توانائی کی ضرورت ہے، ماحول دوست اور سستی نیوکلیئر انرجی ضروریات کیلئے بہتر آپشن ہے، وزیرِ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ نیوکلیئر انرجی مزید محفوظ اور سستی بنانے کیلئے توجہ دینے کی ضرورت ہے اور یہ سمٹ توانائی کی بڑھتی طلب اور درپیش موسمیاتی چیلنجز کے وقت ہورہی ہے، انرجی سیکیورٹی ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کیلئے اہم ترجیح ہے، اس لیے جوہری توانائی کے پرامن مقاصد کیلئے پاکستان اپنے تجربات دنیا سے شیئر کرنے کو تیار ہے۔واضح رہے کہ پہلی نیوکلیئر انرجی سمٹ آج سے یورپین دارالحکومت برسلز میں شروع ہوچکی ہے، برسلز پہنچنے پر یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔


