عمران کی تصویر لگانے پر پنجاب اسمبلی مچھلی منڈی میں تبدیل ، اجلاس ملتوی کرنا پڑا
لاہور( این این آئی)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پر بحث کے موقع پر قائد حزب اختلاف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی تصویر لگانے کے معاملے پر ایوان مچھلی منڈی بن گیا، حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی مخالفانہ نعرے بازی کی وجہ سے ہاﺅس ان آرڈر نہ ہونے پر چیئرکو اجلاس ملتوی کر نا پڑ گیا، کچھ حکومتی اراکین بانی پی ٹی آئی کی تصویر لگانے کے معاملے پر احتجاجاً ایوان سے باہر بھی چلے گئے ،اپوزیشن نے 9مئی کے واقعہ پر جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کر دیا ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائے ایک گھنٹہ34منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر چوہدری ظہیر اقبال چنڑ کی صدارت میں شروع ہوا ۔اجلاس میں بجٹ2023-24پر عام بحث کا آغاز نامزد قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر نے کیا۔قائد حزب اختلاف کی نشست پر بانی پی ٹی آئی کا پورٹریٹ لگا دیکھ کرحکومتی اراکین ملک محمد وحید اور بلال یامین نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ اپوزیشن کے بنچوں پر ایک ایسے شخص کا پورٹریٹ لگایا گیا ہے جسے عدالت نے سزا سنارکھی ہے اور وہ اس وقت بھی جیل میں ہے ، ایسے شخص کا کوپورٹریٹ ایوان میں لانے کی اجازت نہیں نہ ہی رولز اس کی اجازت دیتے ہیں ۔اسپیکر نے انہیں قواعد کے تحت کارروائی کا حصہ بننے کی تلقین کی اور واضح کیا کہ آج بجٹ پر عام بحث شروع ہونا ہے اس لئے نکتہ اعتراض پر بات کرنے سے گریز کیا جائے ، لیکن مذکورہ اراکین نے احتجاج جاری رکھا جس کی وجہ ایوان کی کارروائی میں خلل بھی پڑا ، پورٹریٹ نہ اٹھانے اور معاملے پر رولنگ نہ دئیے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے دونون حکومتی اراکین نے ایوان کی کارروائی سے واک آﺅٹ کیا تو کچھ اور ساتھی اراکین نے بھی ان کا ساتھ دیا اس مرحلے پر ایوان میں نعرہ بھی لگائے گئے ۔


