جرائم پیشہ عناصرکے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جائے،ضیا لانگو

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی زیرصدارت صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال و ترقیاتی امور کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحٰی اجلاس منعقد ھوا۔ اجلاس میں محکمہ داخلہ، پولیسنگ کے مجموعی امور، اقدامات، کوئٹہ جیل پروجیکٹ، مستقبل کی حکمت عملی اور لائحہ عمل کا خصوصی حوالوں سے جائزہ لیا گیا۔۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط،ایڈیشنل آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات ملک محمد یوسف،ایڈیشنل سیکرٹری ٹو چیف سیکرٹری بلوچستان مجیب الرحمٰن،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اللہ قادر بخش پرکانی،ڈی جی لیویز مجیب الرحمن قمبرانی،و دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں شریک اعلی حکام نے وزیر داخلہ کو اپنے اپنے محکموں کی موجودہ صورتحال و ترقیاتی امور پر مکمل بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصرکے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جائے، قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد انتظامی امور میں بہتری لانا ہے تاکہ عوام کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی ممکن ھو سکے۔جرائم کی روک تھام کیلئے کوئٹہ پولیس کو نمایاں کردار ادا کرنا ھوگا انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے تدارک کیلئے پولیس کومزید بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں عملے اور وسائل کی کمی کو پورا کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مزید برآں صوبائی وزیر داخلہ نے محکمہ پی ڈی ایم اے آفس، کنٹرول روم، اور کال سینٹر، اور پی ڈی ایم اے ویئرہاوس کا اچانک دورہ کیا۔دورہ کے دوران صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے نے مختلف امور کا جائزہ لیتے ہوئے غفلت برتنے والے3 ملازمین کو معطل کر دیا بعد ازاں صوبائی وزیر داخلہ نے کوئٹہ کے مختلف تھانوں کابھی دورہ کیا۔دوروے کے دوران صوبائی وزیر تھانوں میں پولیس اہلکاروں کی حاضری، شکایات رجسٹر، اہلکاروں کی مکمل وردی اور دیگر امور کا معائنہ بھی کیا اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ نے تھانوں میں ناقص صفائی پولیس اہلکاروں کی وردی کی خراب حالت پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ پولیس اہلکار اپنے فرائض کو بہتر انداز میں سرانجام دینے کے لیے بہتر انداز اپنائیں انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا اولین ذمہ داری ہے جس سے عوام میں پولیس کا مورال بلند اوربحال ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں