پاکستان اور چین کا سی پیک فیز ٹو کو تیز کرنے پر اتفاق
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان اور چین کا سی پیک فیز ٹوکو تیز کرنے پر اتفاق ، پانچ نئی اقتصادی راہداریوں پر ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ۔ایکسپورٹ، انرجی، ایکویٹی، ای پاکستان اور ماحولیات پر مشتمل فائیو ای فریم ورک پر عمل درآمد شروع،”ون پلس فور” ماڈل کے تحت پاکستان میں ہر خصوصی اقتصادی زونز کوچین کے ایک صوبے کے ساتھ منسلک کیا جائیگا،گوادر پورٹ اور ایم 8موٹروے ترجیحی بنیادوں پر تعمیر ہوگی،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیکیورٹی خطرات کو سی پیک منصوبوں میں حائل نہیں ہونے دیں گے، چینی اہلکاروں کے لیے اعلی سطحی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں جائینگے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین نے جمعہ کو سی پیک کے فیز ٹوکے تحت پانچ نئے اقتصادی راہداریوں پر ایک ورکنگ گروپ کے قیام کی کوششیں تیز کر دی ہیںجو وزارت منصوبہ بندی کے پہلے سے تیار کردہ فائیو ای فریم ورک کے مطابق ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال اور چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ کے درمیان وزارت منصوبہ بندی میں ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں طے پائی۔ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے پروفیسر احسن اقبال کو چوتھی بار وزیر منصوبہ بندی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ دونوں اطراف نے سی پیک کے فیز ٹوکو تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ پانچ نئے اقتصادی راہداریوں پر ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


