وفاقی وزیر کا لاہور یوٹیلیٹی سٹور دورہ، حکومت نے سب سے بڑا رمضان پیکیج دیا، اعظم نذیر

لاہور(انتخاب نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیرنذیر تارڑ نے لاہور میں یوٹیلیٹی سٹور کا دورہ کیا ، دورے کے دوران عوام کو دستیاب سہولیات، اشیائے خورونوش کی فراہمی اور معیار کا جائزہ لیاگیا اور ریٹ لسٹ بھی چیک کی گئی، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔اعظم نذیر تارڑ نے یوٹیلیٹی سٹورز پر آنے والے صارفین سے گفتگو کی اور ان سے فراہم کی جانے والی اشیاءسے متعلق سوالات کئے جس پر سٹاف کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سٹور پر گھی 335 روپے فی کلو اور چینی 109 روپے فی کلو فراہم کی جا رہی ہے، بی آئی ایس پی صارفین کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج دیا، عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، رمضان پیکیج میں بی آئی ایس پی کے صارفین کو سبسڈی کے علاوہ عام صارفین کیلئے بھی خصوصی رعایتی قیمت مقرر کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں