فیس معافی کی درخواست، پرنسپل ایچی سن کالج کے استعفے نے تہلکہ مچا دیا
لاہور (انتخاب نیوز) لاہور میں ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن کے استعفے کی خبر نے سیاسی ، سماجی و تعلیمی حلقو ں میں تہلکہ مچا دیا۔ مائیکل اے تھامسن نے کالج کے اسٹاف کے نام جوخط لکھااس کی تفصیلات بھی منظر عام پر آ چکی ہیں۔ خط میں مائیکل اے تھامسن نے واضح طور پر لکھا کہ اب تک ایچی سن کالج چھوڑنے کا ارادہ نہیں کیا تھا مگر اب میرے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں، کچھ لوگوں کو ترجیح دینے کے لیے پالیسی کو نقصان پہنچایا گیا۔ ان جملوں کو لے کر نہ صرف بحث و تنقید کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے بلکہ کئی سوالات بھی اٹھ رہے ہیں کہ حالات کو اس نہج تک کیوں جانے دیا گیا جس سے یہ معاملہ استعفوں کی حد تک پہنچا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ابھی ٹی وی اسکرینز پر ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن کے استعفے کی خبر نے توجہ حاصل کی ہی تھی کہ کچھ دیر بعد مینجمنٹ کمیٹی سے سید بابر علی کے مستعفی ہونے کی خبر بھی نشر ہوگئی۔ سید بابر علی نے اپنا استعفیٰ گورنر پنجاب کے نام بھیج دیا ہے۔ سید بابر علی نے استعفے میں اپنی صحت اور بڑھتی عمر کو وجہ قرار دیا لیکن انہوں نے مائیکل اے تھامسن کی کارکردگی کو سراہا۔ واضح رہے کہ احد چیمہ کی اہلیہ نے فیس معافی کے لیے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو درخواست دی تھی، اس حوالے سے اب تک 2 استعفے سامنے آ چکے ہیں۔


