کراچی، گزشتہ 20 روز میں گرانفروشوں پر 2 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ، 33 دکانیں سیل
کراچی (آن لائن)حکومت سندھ کی ہدایت پر کراچی انتظامیہ کی جانب سے ماہ رمضان المبار ک کے موقع پر گراں فروشوں کے خلاف شروع کی گئی مہم جاری ہے ۔کمشنرکراچی محمد سلیم راجپوت نے مہم کو موثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مجسٹریٹس ہر علاقہ میں قیمتیں چیک کریں اور سرکاری نرخ کو سختی سے نافذ کریں۔ انھوں نے بیورو آف سپلائی اور دیگر متعلقہ افسران کو اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پیر کو 145 گراں فروشوں پر 10 لاکھ 16 بزار 500 روپے جرمانہ عاید کیا گیا دو گراں فروشوں کی دکانیں سیل کی گئیں۔ مجموعی طور پر شہر میں 440 مقامات پر قیمتیں چیک کی گئیں انتظامیہ نے گزشتہ 20 روز کی کارروائی کی تفصیل بھی جاری کی ہے جس کے مطابق 20 روز میں تمام اضلاع میں دو کروڑ 45 لاکھ 88 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عاید کیاگیا جبکہ 33 گراں فروشوں کی دکانیں سر بمہر کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع جنوبی میں 37 گراں فروشوں پر 2 لاکھ 88 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا شرقی ضلع میں 17 گراں فروشوں پر ایک لاکھ 7 ہزار روپے، غربی میں 17 گراں فروشوں پر 52 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عاید کیا وسطی میں 41 گراں فروشوں پر 3 لاکھ 92 ہزار روپے جرمانہ عایدکیا گیا اور دو دکانیں سیل کی گئیں۔ ملیر میں 14 گراں فروشوں پر 56 ہزار روپے کورنگی میں 8 گراں فروشوں پر 75 ہزار کیماڑی میں 11 گراں فروشوں پر 45 ہزار روپے جرمانہ عاید کیاگیا۔


