نیپرا نے صارفین کیلئے بجلی 2 روپے 75 پیسے مہنگی کردی، نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پیٹرول کے بعد شہریوں کیلئے بجلی بھی مہنگی کردی گئی۔ کراچی سمیت پاکستان بھر کیلئے بجلی مہنگی ہوگئی۔ نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق نیپرا نے بجلی 2 روپے 75 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ نیپرا نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی۔ صارفین سے اضافی وصولیاں اپریل، مئی اورجون میں کی جائیں گی۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا، اضافے سے صارفین پر 85 ارب 20 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ واضح رہے کہ قیمتوں میں اضافے کا نیپرا نے ماہانہ اور سہ ماہی فیول ایڈجسمنٹ کے نام پر ایک ہی دن میں دو بار بجلی کے نرخوں میں اضافے کی منظوری دی تھی جس کے مطابق صارفین کو فروری کے بلوں پر مزید پانچ روپے فی یونٹ کی ادائیگی کرنی تھی۔ علاوہ ازیں مالی سال 2023-24 کی دوسری سہ ماہی یعنی اکتوبر، نومبر دسمبر کی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے 74 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی تھی جس کے مطابق اپریل، مئی اور جون 2024ءکے ماہ کے بلوں میں اضافہ وصول کیا جانا تھا۔ جس کا نوٹیفکیشن آج جاری کیا گیا ہے۔


