کچے اور پکے کے ڈاکوﺅں کو سندھ حکومت کی سرپرستی حاصل ہے، جماعت اسلامی

کراچی (انتخاب نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوام کو ڈاکوﺅں، ان کے سرپرستوں اور جعلی مینڈیٹ والی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی، عید الفطر کے بعد حکومت کے خلاف بھر پور تحریک چلائیں گے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں جب تک مقامی پولیس کا تصور اور نظام قائم نہیں کیا جائے گا اس وقت تک جرائم کو کنٹرول اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ حاصل نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار کراچی میں جرائم کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا اپنا بیان واپس لیں اور عوام سے معافی مانگیں، کچے اور پکے کے ڈاکوﺅں کو سندھ حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔ حافظ نعیم نے مزید کہا کہ کراچی میں مسلح ڈکیتیوں میں صرف رمضان المبارک میں 10شہری اپنی جان گنوا بیٹھے جبکہ رواں سال 49 افراد ڈاکوﺅں کی گولیوں کا نشانہ بنے اور ان کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، گیس، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو ڈاکوﺅں، ان کے سرپرستوں اور جعلی مینڈیٹ والی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی، عید الفطر کے بعد فارم 47 کی پیداوار زبردستی مسلط کی گئی حکومت اور جعلی مینڈیٹ کے خلاف بھر پور تحریک چلائے گی، جمعة الوداع کو یوم القدس ہے،امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پورے پاکستان میں ”یوم القدس“منائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں