اینٹی کرپشن عدالت میں سماعت، پرویز الہٰی کی بیماری فرد جرم عائد کرنے میں آڑے آ گئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پرویز الہٰی کے ساتھ دیگر کے خلاف کیس کی سماعت لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کی ، دورانِ سماعت اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے پرویز الہٰی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کر دیا گیا۔انتخاب نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کے مقدمہ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب و رہنما تحریک انصاف (پی ٹی آئی)پرویز الہٰی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی، میڈیکل رپورٹ کے مطابق پرویز الہٰی بیمار ہیں، وہ سفر نہیں کر سکتے اور عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔واضح رہے کہ عدالت نے ملزمان کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے آج طلب کر رکھا تھا تاہم پرویز الہٰی کو عدالت میں پیش نہ کیا جاسکا۔قبل ازیں 19 مارچ کو پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی پر کرپشن کے دو مقدمات میں فرد جرم عائد نہیں کی گئی کیونکہ اڈیالہ جیل راولپنڈی کے حکام نے طبی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں متعلقہ عدالتوں میں پیش نہیں کیا تھا۔28 اکتوبر کو اے سی ای نے لاہور کی ایک ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کو بتایا کہ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی تقرریوں سے متعلق کیس میں پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی کے گھر سے مبینہ طور پر 41 لاکھ روپے برآمد کر لیے ہیں۔7 نومبر کو انسداد بدعنوانی کی خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی تقرریوں کے کیس کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اگلی سماعت پر تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا۔16 نومبر کو غیر قانونی تقرریوں کے کیس میں پرویز الہٰی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی گئی، یکم دسمبر کو لاہور کی سیشن عدالت نے ان کو ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔


