پاکستان کو ایک ارب 10 کروڑ ڈالر اجرا کی منظوری کیلئے اجلاس رواں ماہ متوقع ہے، جولی کوزیک
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک ارب 10 کروڑ ڈالر اجرا کی منظوری کے لیے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے۔واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ میں آئی ایم ایف میں کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ جولی کوزیک نے بتایا کہ 19 مارچ کو پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف اسٹاف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر تک رسائی ممکن ہوسکے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس اپریل کے آخر میں متوقع ہے، اسٹاف لیول معاہدہ حالیہ اسٹیٹ بینک اور نگران حکومت کے عمل درآمد کے لیے ٹھوس اقدامات کا اعتراف کرتا ہے۔واضح رہے کہ 19 مارچ کو آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ آخری جائزہ مذاکرات کی کامیابی کا اعلامیہ جاری کردیا تھا جس کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا۔اس پیش رفت کے نتیجے میں پاکستان کے لیے قرض کی آخری قسط کی مد میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر جاری ہونے کی راہ ہموار ہوگئی، پاکستان کو 2 اقساط کی مد میں آئی ایم ایف سےایک ارب 90 کروڑ ڈالرز مل چکے ہیں۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈکی منظوری کے بعد پاکستان کو آخری قسط جاری کی جائے گی، آخری قسط کے بعد پاکستان کو موصول شدہ رقم بڑھ کر3 ارب ڈالرز ہو جائے گی، آخری قسط ملنے کے ساتھ ہی3 ارب ڈالرکا قلیل مدتی قرض پروگرام مکمل ہوجائے گا۔


