شام میں قونصل خانے پر حملہ، ایران نے اسرائیل کو جواب دینے کی تیاری کرلی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل اور حماس کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے جاری جنگ میں ایران کی براہ راست شمولیت کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے ”بلومبرگ“ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران شام میں اپنے قونصل خانے پر مشتبہ اسرائیلی حملے کا جواب دینے کی تیاری کر رہا ہے اور اس نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ ’ایک طرف ہٹ جائے‘۔ دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ نے بھی اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ جنگ کے لئے تیار ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایران نے امریکہ کو ایک تحریری پیغام بھیجا ہے جس میں اسے خبردار کیا گیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کے جال میں نہ پھنسے۔ ایرانی صدر کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف برائے سیاسی امور محمد جمشیدی نے ”ایکس“ پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ امریکہ کو ایک طرف ہٹ جانا چاہیے تاکہ آپ پر آنچ نہ آئے۔ جمشیدی کے مطابق اس کے بعد خط کے جواب میں امریکہ نے ایران سے کہا ہے کہ وہ امریکی اہداف پر حملہ نہ کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں