لیبیا میں حکومت نے رویت کمیٹیوں کو 28 روزوں کا چاند دیکھنے کا حکم دیدیا
تریپولی (مانیٹرنگ ڈیسک) ویسے تو دنیا بھر میں عید کا چاند 29ویں یا 30ویں روزے کو دیکھا جاتا ہے، لیکن لیبیا میں حکومت نے اپنی رویت ہلال کمیٹیوں کو 28 روزوں کا چاند دیکھنے کا حکم دے دیا۔ العریبیہ اردو کی ایک رپورٹ کے مطابق لیبیا میں پارلیمنٹ کی مقرر کردہ حکومت نے اس حوالے سے فتوے کے لیے رویت ہلال کمیٹیوں کو ایک بیان جاری کیا۔ حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چاند دکھنے کی کمیٹیاں مخصوص تاریخ یعنی 29 رمضان سے ایک دن پہلے یعنی 28 رمضان کو عید الفطر کا چاند دیکھیں۔ اس حکم کے بعد آج اگر لیبیا میں چاند نظرآتا ہے تو کل یعنی منگل کو لیبیا میں عیدالفطر ہوگی۔ اس طرح لیبیا میں رمضان 28 روزوں کا ہوگا اور ایک روزے کی قضا واجب ہوگی۔ ایک روز قبل چاند دیکھنے کے حوالے سے لیبیا کی حکومت نے کہا کہ آغاز رمضان کا اعلان درست اور شک و شبہ سے بالاتر تھا، اس سال رمضان کے چاند کو ثابت کرنے میں کچھ لوگوں کی طرف سے پیدا ہونے والی الجھن اورعدالتوں کے سامنے گواہوں کی گواہی کے ناقابل قبول ہونے کے پیش نظر 28 رمضان المبارک کو شوال کا چاند دیکھنے کا کہا گیا۔


