آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک اجلاس میں وزیرخزانہ شریک، قرض پروگرام میں امریکہ کی حمایت حاصل

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں دنیا بھر کے مرکزی بینکوں کے حکام، وزرائے خزانہ اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔ عالمی قتصادی نقطہ نظر، غربت کے خاتمے اور اقتصادی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے نئے قرض پروگرام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔وزیرخزانہ کی قیادت میں پاکستانی وفد امریکہ میں ہے جہاں آئی ایم ایف سے مذاکرات بھی ہو رہے ہیں جب کہ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے صدر راجے بنگا سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر گفتگو کی گئی، وزیرخزانہ نے ورلڈ بینک کی جانب سے تعاون پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں سعودی وزیرخزانہ سے بھی ملاقات ہوئی۔ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے سعودی عرب نے حمایت کا اعلان کیا۔دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین گزشتہ ماہ اسٹاف لیول معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان نےمعیشت کے استحکام کے حوالے سے خاطر خواہ پیش رفت کی ہے، نئے قرض پروگرام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ملکی معیشت کی کامیابی کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ ہماری حمایت غیر متزلزل ہے، پاکستان کے ساتھ کاروباری اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات جاری رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں