کولمبیا یونیورسٹی میں غزہ کی صورتحال پر احتجاج، طلبا کی گرفتاریوں پر صورتحال کشیدہ ہوگئی

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ کے معاملے پر امریکی شہر نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں احتجاج پر طلبا کی برطرفیوں کے خلاف طلبا کے احتجاج پر صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے کولمبیا یونیورسٹی میں آج ہونے والی تمام کلاسز ورچوئل کر دیں، کولمبیا یونیورسٹی کے طلبا آج آن لائن کلاسز لیں گے۔ کولمبیا یونیورسٹی میں گزشتہ جمعرات کو غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا، یونیورسٹی انتظامیہ کی درخواست پر پولیس نے احتجاج کرنے والے 108 طلبا کو گرفتار کر لیا تھا۔ یونیورسٹی نے غزہ احتجاج میں شامل کئی طلبا کو برطرفیوں کے نوٹس بھی جاری کر دیے ہیں، برطرف طلبا میں رکن کانگریس الہام عمر کی بیٹی بھی شامل ہے۔فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاج کرنے والے طلبا یونیورسٹی میں خیمے لگائے بیٹھے ہیں، ان طلبا کا مطالبہ ہے کہ یونیورسٹی ایسے اداروں میں سے اپنی سرمایہ کاری نکالے جو غزہ میں اسرائیلی جنگ سے منافع کمارہے ہیں۔ طلبا کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ یونیورسٹی اپنی سرمایہ کاریوں کے حوالے سے شفافیت لے کر آئے اور اسرائیلی یونیورسٹیوں سے تعلیمی شراکت داری ختم کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں