پی ٹی آئی رہنما پی اے سی کی چیئرمین شپ کیلئے میرا نام تبدیل کرنا چاہتے تھے، شیر افضل

اسلام آباد (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی رہنما عمران خان کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شب کیلئے میرا نام تبدیل کرنے پر زور دیتے رہے تاہم انہوں نے رہنماﺅں کی چال انہی پر الٹ دی۔ شیر افضل مروت کا کہنا تھاکہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے نام پر پارٹی کے اپنے رہنماﺅں نے غلط بیانی کی، ایک ہفتے قبل پارٹی کے دوست بانی پی ٹی آئی سے ملے اور انہیں یہ باور کروا رہے تھے کہ پی اے سی چیئرمین کا اسپیکر نہیں مان رہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر پارٹی رہنماﺅں نے زور دیا کہ متبادل کا نام دیں لیکن عمران خان نے ان رہنماﺅں کی چال انہی پر الٹ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ روایت ہے چیئرمین پی اے سی کو اپوزیشن نامزد کرتی ہے، اسپیکر مجھے چیئرمین پی اے سی نامزد نہیں کرتے تو اپوزیشن کوئی کمیٹی نہیں لے گی۔ شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا مجھ پر مکمل اعتماد ہے، پارٹی کے اندر جو بھی یہ کر رہے ہیں اپنا قد چھوٹا کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے میرا نام لیا، اب یہ رہنما مجبور کررہے تھے نام تبدیل کریں، بہت سے فیصلوں میں بانی پی ٹی آئی پر دباﺅ ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو میرے نام پر کوئی اعتراض نہیں تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں