کرپشن کا الزام، روسی نائب وزیر دفاع گرفتار

ماسکو (آئی این پی)روس کے نائب وزیر دفاع کو کرپشن کرنے کے الزامات کے تحت حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے انسداد بدعنوانی کے حکام نے نائب وزیر دفاع تیمور ایوانوف کو رشوت لینے کے شبہ میں گرفتار کیا، اعلی عہدیدار کی گرفتاری یوکرین میں جارحیت کے دوران ایک غیر معمولی اقدام ہے، صدر ولادیمیر پیوٹن کو حراست بارے مطلع کر دیا گیا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خصوصی کمیٹی نے بتایا ہے کہ روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع تیمور وادیمووچ ایوانوف کو ضابطہ فوجداری کے آرٹیکل 290کے سیکشن 6کے تحت جرم کرنے کے شبے میں حراست میں لیا گیا ہے۔تیمور ایوانوف فوجی تنصیبات کی تعمیر کے انچارج اور وزارت دفاع کے اعلی عہدیدار کے طور پر یورپی یونین کی پابندیوں کی زد میںہیں، وہ 2022 میں آنجہانی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی کی اینٹی کرپشن فاﺅنڈیشن کی طرف سے شائع ہونے والی تحقیقات کا موضوع تھے۔اپوزیشن کی شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیر دفاع نے یوکرین کے ماریوپول میں تعمیراتی منصوبوں کی نگرانی کی اور ان سے فائدہ اٹھایا جو ایک ماہ کے طویل محاصرے کے بعد ماسکو کے کنٹرول میں آ گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں