پاکستان اور ایران کا مسلح تنظیموں کیخلاف مشترکہ تعاون، سرحدی شہروں میں سیکورٹی افسران تعینات

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان اور ایران نے عسکریت پسندوں سے نمنٹے کے مشترکہ چیلنج کیخلاف ہاتھ ملا لیے۔ پاکستانی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ باہمی سیکورٹی معاہدے پر کام جاری ہے، لائزون افسران کی تقرری پر عملدرآمد شروع کردیا گیا، دونوں ملکوں کے درمیان عسکریت پسندوں سے نمٹنے کےلئے مشترکہ تعاون بہتر بنایا جا رہا ہے، دونوں ملکوں نے گولڈ اسمتھ لائن پر عسکریت پسندوں کیخلاف مشترکہ کوششیں شروع کردیں۔ رواں ہفتے پاکستان اور ایران کے لائزون افسران اپنا اپنا چارج سنبھالیں گے۔ پاکستانی لائزون افسر پاکستانی فوج، ایرانی لائزون افسر پاسدران انقلاب اسلامی سے تعلق رکھتے ہیں۔ دونوں افسران اپنی اپنی فوج میں کرنل رینک کے ہیں۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان فوج کے لائزون افسر زاہدان ایران میں تعینات ہوں گے جبکہ ایرانی آئی آر جی سی کے لائزون افسر تربت بلوچستان میں تعینات ہوں گے۔ افسران کی تقرری کا فیصلہ ایرانی وزیر خارجہ کے 29 جنوری کے دورہ پاکستان میں کیا گیا تھا۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کا ایک دوسرے ممالک کیخلاف سرگرم مسلح تنظیموں پر پابندی زیر غور ہے۔ معاہدے میں انٹیلی جنس تبادلہ اور باہمی معاونت بھی شامل ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں