کراچی میں میٹرک بورڈ کے پرچے منسوخ کرکے دوبارہ امتحانات لیے جائیں، چیئرمین نجی اسکولز
کراچی (انتخاب نیوز) چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز حیدر علی نے کراچی میں میٹرک بورڈ کے اب تک ہونے والے تمام پرچے منسوخ کرکے دوبارہ امتحانات کا مطالبہ کردیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز حیدر علی کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ طلبا و طالبات امتحان دے رہے ہیں، میٹرک بورڈ کا یہ امتحان بدانتظامی کی وجہ سے سوالیہ نشان بن چکا ہے، میٹرک بورڈ کے قائم مقام ناظم امتحانات انتظامات کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ حیدر علی کا کہنا تھا کہ سینٹرز کی کوئی مانیٹرنگ نہیں، اس عمل کو کیا امتحان کہا جاسکتا ہے؟ کیا پاکستان بھر میں نویں دسویں کے امتحان اس طرح ہوتے ہیں بچے راہداریوں اور آسمان کے نیچے بیٹھ کر امتحان دے رہے ہیں، لاکھوں بچوں، بچیوں کے مستقبل کا ذمہ دار کون ہے؟ چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز نے کہا کہ طلبہ کو ذہنی وجسمانی اذیت میں مبتلا کرنے پر ناظم امتحانات کو بر طرف کیا جائے، اب تک ہونے والے تمام پرچوں کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، 10سے 15 دن بعد امتحان کا دوبارہ انعقاد کرایا جائے۔


