سرگودھا میں کھیل کے دوران گولی لگنے سے 9سالہ بچہ چل بسا
سرگودھا (این این آئی) گھر میں کھیل کے دوران 11 سالہ بچے کے ہاتھوں رائفل چل جانے سے 9 سالہ کزن قتل ہو گیا پولیس نے مقتول کی نعش تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے سپرد کر دی اور وقوعہ کا مقدمہ درج کر کے مصروف تفتیش ہے۔ سرگودھا ریجن کے علاقہ موسیٰ خیل کے موضع بازار میں 9 سالہ محمد عادل خان اپنے چچا زاد کزن 11 سالہ محمد سفیر خان کے ساتھ گھر کے کمرے میں کھیل رہا تھا۔ کہ اس دوران محمد سفیر خان نے کمرے میں پڑی رائفل 222 بور اٹھا لی اور کھیلتے کھیلتے 11 سالہ محمد سفیر خان کے ہاتھوں رائفل چل جانے سے اس کا 9 سالہ کزن محمد عادل خان گردن میں فائر لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جس کوفوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔جس کی لاش تھانہ موسیٰ خیل پولیس نے تحویل میں لیکر ضروری کاروائی کے بعد ورثاءکے سپرد کر دی اور مقتول کے والد عصمت اللہ خان کی مدعیت میں دفعہ 322 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔


