پنجاب کو گیس دی، ڈیرہ بگٹی محروم ہے، بلوچستان میں ایل پی جی پلانٹ لگائے جائیں، اسد بلوچ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بی این پی عوامی کے رکن صوبائی اسمبلی میر اسد بلوچ نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں ایل پی جی پلانٹ لگائے جائیں، بلوچستان سے 1952سے نکلنے والی گیس کی ترسیل شروع دن سے جاری ہے، بلوچستان کے صرف دو فیصد لوگ قدرتی گیس استعمال کررہے ہیں باقی صوبہ اس سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں کو گیس فراہم کی گئی ان میں بھی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے ان تمام اضلاع میں جہاں قدرتی گیس کی سہولت نہیں ہے وہاں ایل پی جی پلانٹ لگائے جائیں میر اسد بلوچ نے قرار داد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے گیس سے پنجاب کے کارخانے چل رہے ہیں پنجاب کو گیس تو دیا گیا ہے مگر ڈیرہ بگٹی کے عوام آج بھی اس سہولت سے محروم ہیں، ہماری ایوان کی یہ پوزیشن ہے کہ رولنگ کے باوجود چیف سیکرٹری اجلاس میں شریک نہیں ہوتے، وفاق کی جانب سے صوبے کے واجبات ادا نہیں کیے جارہے، ہمارے وسائل پر ہمارا حق ہے، ہمارے ساتھ کالونی کی طرح سلوک کیا جارہا ہے، ہر دور میں ہمارے ساتھ وعدے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آمروں کا دور ختم ہوا تو معافی مانگ کر واپس چلے گئے، اٹھارہویں ترمیم کے بعد ہمیں بھیک نہیں ہمارا حق چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق کیلئے گوادر سے چمن تک جدوجہد کریں گے، مذاکرات کا عمل شروع کرنے کیلئے افغانستان سے سبق سیکھیں، اپنے حقوق کیلئے عدالت جاﺅں گا، انصاف نہ ملا تو عوام کے ساتھ سڑکوں پر آﺅں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں