نائیجیریا میں جنریٹر کے دھوئیں سے 7طلبا جان کی بازی ہار گئے

ابوجا(صباح نیوز)نائیجیریا میں جنریٹر کے دھوئیں کے باعث دم گھٹنے کے نتیجے میں ایک میوزک سٹوڈیو میں مقیم 7 یونیورسٹی طالبعلم جاں بحق اورکئی بے ہوش ہو گئے ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبہ بائیلسا میںمیوزک سٹوڈیو میں مقیم یونیورسٹی طالبعلم نیند کے دوران جنریٹر کے پیدا کردہ دھوئیں سے متاثر ہو گئے ۔نیند کے دوران دم گھٹنے کے نتیجے میں 7 نوجوان جاں بحق ہو گئے جبکہ بے ہوش ہونیوالوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں ۔واضح رہے پٹرول کی دولت سے مالا مال ملک نائیجیریا کے متعدد علاقوں کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔عوام کو دن بھر میں اوسطاً 4 گھنٹے کے لئے بجلی کے استعمال کا موقع ملتا ہے اور عوام کا ایک بڑا حصہ بجلی کی ضرورت کو جنریٹروں سے پورا کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں