ایرانی صدر کی وفات، پاکستان ایران کیساتھ تحقیقات میں مدد کیلئے تیار ہے، ممتاز زہرہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ ایرانی حکام کو ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کے لیے مدد درکار ہو تو پاکستان مکمل تعاون کرے گا۔جمعے کو صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس اس حادثے کی تحقیقات کے لیے مکمل صلاحیت موجود ہے، ایران کو ہیلی کاپٹر حادثے پر تحقیقات کے لیے اگر پاکستان کی مدد درکار ہوں، تو پاکستان مدد کے لیے تیار ہے۔یاد رہے کہ 20 مئی کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان دیگر ساتھیوں کے ساتھ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتہ پاکستان کے خارجہ امور کے حوالے سے انتہائی اہم رہا، وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے گزشتہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کیا، اس دورے سے پاکستان کو 1 کروڑ ڈالرز کے سرمایہ کاری کا فائدہ پہنچا۔ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کا دورہ کیا اور ایرانی صدر کے جنازے میں شرکت کی، وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ نے بھی ایران کا دورہ کیا، اس کے علاوہ وزیر خارجہ نے کرغزستان کا اہم دورہ کرتے ہوئے کرغز وزیر خارجہ سے ملاقات کی اور کرغزستان میں پیدا ہونے والے حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اسحق ڈار نے پاکستانی طلبہ کی سیکیورٹی اور پاکستانی عوام کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں