جیل میں ہو کر بھی جعلی فارم 47 کا سازشی ٹولہ عمران خان سے خوفزدہ ہے، بیرسٹر سیف

پشاور(صباح نیوز)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اور رہنما تحریک انصاف بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ مریم نواز اوچھے ہتھکنڈوں سے بانی پی ٹی آئی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہاکہ پنجاب کابینہ اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دیدی گئی، بانی پی ٹی آئی مریم نواز اور ان کے پاپا نواز شریف کے اعصاب پر سوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں ہو کر بھی جعلی فارم 47 کا سازشی ٹولہ بانی پی ٹی آئی سے خوفزدہ ہے، بانی پی ٹی آئی پلیٹلیٹس کا بہانہ بنا کر لندن بھاگنے والا نہیں۔ بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ راج کماری اوچھے ہتھکنڈوں سے سابق وزیراعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، سازشی ٹولہ جتنا بانی پی ٹی آئی کو دباتا ہے وہ اتنا ہی مضبوط بنتا ہے، بانی پی ٹی آئی قوم کے لئے قیدوبند کی صعوبتیں کاٹ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں