بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں کم ازکم پچاس فی صد اضافہ کیا جائے ،ورکرزفیڈریشن

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان ورکرزفیڈریشن ( پی ڈبلیو ایف)کے نیشنل ایگزیکٹوبورڈ کا اجلاس زیر صدارت چوہدری عبدالرحمان عاصی چیئرمین پاکستان ورکرزفیڈریشن اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،صدرشوکت علی انجم،نسیم رائو،حاجی انورکمال،ثناء الحق ناصر،خادم حسین کھوسو،حاجی ریاض خان،فقیر اعظم،سید اعجازحسین بخاری،محبوب اللہ،افتخار خان،منیرحسین بٹ،چوہدری امجد،سید عطااللہ شاہ سمیت تمام ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی،اجلاس میں موجودہ صورتحال میں مزدوروں کو درپیش مسائل اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ،ممبران سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،چیئرمین عبدالرحمان عاصی،صدرشوکت علی انجم و دیگر عہدیداران نے کہا کہ پاکستان ورکرزفیڈریشن مزدوروں کی سب سے بڑی حقیقی نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصدمزدوروں کی فلاح و بہبود اور انکے حقوق کا تحفظ کرنا ہے ،موجودہ صورتحا ل میں مزدوروں کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے جس سے مزدورسخت بے چینی کا شکار ہیں ،انھوں نے کہا کہ پاکستان میں 72فی صدمزدور قانونی تحفظ سے محروم ہیں جس کے لیے ای اوبی آئی ،ورکرزویلفیئرفنڈ،سوشل سیکورٹی سمیت کوئی سہولیات اور مراعات میسرنہیں ہیں ،مہنگائی کے اس دورمیں مزدور کی کم ازکم اجرت نہ ہونے کے برابر ہے جسکی وجہ سے پاکستان بھر کا مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہے ،انھوں نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں حکومت پاکستان کو سرکاری ملازمین اور مزدوروں کے حوالے سے خصوصی توجہ دینی ہو گی اور بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے کم ازکم پچاس فی صد اضافہ کیا جائے اور اسکے ساتھ ساتھ کم ازکم اجرت 45ہزارمقررکی جائے اس حوالے سے تمام حقیقی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ مشاورت کے عمل کو یقینی بنایا جائے ،صوبہ خیبرپختونخواہ میں صوبائی حکومت کی طرف سے دس فی صد اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے اور پہلے ہی لوکل گورنمنٹ ملازمین کو چھ ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہو رہی اور مزدور بے شمارمسائل کا شکار ہیں ،صوبائی حکومت کی عدم توجہ کی وجہ سے مزدورہڑتال اورسراپا احتجاج ہیں ،انھوں نے کہا کہ اسی طرح ای اوبی آئی ،سوشل سیکورٹی اور ورکرزویلفیئرفنڈ میں مزدوروں کو ادائیگیاں نہیں ہو رہیں جس سے مزدور جہیز گرانٹ،ڈیتھ گرانٹ اور دیگر سہولیات و مراعات سے محروم ہیں ،پاکستان ورکرزفیڈریشن پورے ملک میں مزدوروں کے حقوق کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے اور ہر فورم پر مزدوروں کے مسائل کو اجاگرکیا جا رہا ہے تاکہ مزدوروں کے مسائل میں کمی آسکے ،اجلاس میں پاکستان ورکرزفیڈریشن کی قیادت نے وزیراعظم پاکستان ،وفاقی وزیر خزانہ ،وفاقی وزیر برائے انسانی وسائل وسمندرپارپاکستانیزاور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے ،قانون سازی سمیت دیگر امور پر حقیقی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ سوشل ڈائیلاگ کو فروغ دیا جائے ،غیر رسمی شعبے کے مزدوروں کے لیے فوری قانون سازی کی جائے تاکہ ان کو قانون کے مطابق مراعات و سہولیات مل سکیں ،کم ازکم اجرت میں اضافہ کرکے اس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ،بجٹ سے پہلے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے حقیقی نمائندہ یونینز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو یقینی بنایاجائے ،اجلاس کے آخر میں ملکی سلامتی ،اداروں کی ترقی کے لیے خصوصی دعاکی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں