خیبرپختونخوا کا گورنر ہائوس کسی سازش کاحصہ نہیں ہوگا،فیصل کریم کنڈی

لاہور(صباح نیوز) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا گورنر ہائوس کسی سازش کاحصہ نہیں ہوگا، مرکز اور صوبوں کے درمیان پل کا کردار اداکروں گا ،9مئی کے ماسٹر مائنڈ کو سب سے پہلے سزا ملنی چاہیے۔گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی لاہور کا دورہ کیا ، دورہ لاہور کے دوران انہوں نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھول رکھے ، اس سے قبل گورنر نے حضرت داتا گنج بخش کے دربار پر بھی حاضری دی اور ملک وصوبہ میں امن و امان، سلامتی و خوشحالی کی دعا اور نوافل ادا کئے۔مزار اقبال لاہور پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبے کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں گے، خیبرپختونخوا کو ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے ، مرکز اور صوبوں کے درمیان پل کا کردار اداکروں گا ۔گورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں صوبے کے مسائل پر گفتگو کی، وفاق کے نمائندے کی حیثیت سے صوبے کا مقدمہ لڑنا میری ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایس آئی ایف سی اجلاس میں دلائل کے ساتھ بات کی، وزیراعلیٰ کے پی ایسی زبان استعمال کرتے تھے جس سے مسائل کا حل نہیں نکلتا تھا، مسائل کا حل بیان بازی سے نہیں بیٹھ کر بات چیت سے نکلے گا۔انہوںنے کہاک کہ وزیراعلیٰ کے پی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ متعلقہ فورم پر گئے، مستقبل میں بھی ایسا رویہ رہا تو وفاق کیساتھ مسائل حل ہوں گے، کوئی کسی کو کسی جگہ جانے سے نہیں روک سکتا، بلاول بھٹو خیبرپختونخوا آئیں گے، گورنر ہائوس میں قیام کریں گے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تمام جماعتوں کے لیڈر کو دعوت دیتا ہوں ہمارے پاس آئیں، ان کی کوئی مجبوری ہے نہیں آسکتے تو میں خود ان کے پاس جاسکتا ہوں، لفظی جنگ ہوئی جب مجھے احساس ہوا تو میں نے اپنے الفاظ واپس لے لئے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے، اگر پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر آنا چاہتی ہے تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا، اگر پی ٹی آئی جمہوری قوتوں کیساتھ بات چیت کرنا چاہتی ہے تو ہم تیار ہیں، وہ چاہتے ہیں جیسے ماضی میں کندھوں پر بیٹھ کر آئے اب بھی ویسے آئیں، سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کیساتھ بیٹھنا چاہیے۔گورنرخیبرپختونخوا نے کہاکہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو سب سے پہلے سزا ملنی چاہیے، 9مئی جیسا واقعہ کوئی دشمن بھی نہیں کرسکتا، غلطیاں کرنے کے بعد صفائیاں دے رہے ہیں لیکن ٹویٹ ڈیلیٹ نہیں کیا، ٹویٹ کی ذمہ داری بھی نہیں لے رہے، ڈیلیٹ بھی نہیں کررہے، یہ چوری بھی کرتے ہیں اور سینہ زوری بھی ۔انہوںنے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے، 4 روپے کمی ہوئی، آئندہ 15 روپے کمی بھی ہوگی ، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 25 فیصد بڑھنی چاہئیں، غریب عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں