حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کی وڈیو، حکومت کا تحریک انصاف سے مذاکرات نہ کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ فی الحال تحریک انصاف سے کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ 27 مئی کو عمران خان کے ’ایکس‘ ہینڈل سے ویڈیو پوسٹ کر کے لکھا گیا کہ ’ہر پاکستانی کو حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کا مطالعہ کرنا اور یہ جاننا چاہیے کہ اصل غدار تھا کون، جنرل یحییٰ خان یا شیخ مجیب الرحمان۔‘ تنقید اور ردعمل سامنے آنے پر تحریک انصاف کے رہنماﺅں بالخصوص بیرسٹر گوہر نے اس پوسٹ سے عمران خان کو لاتعلق دکھانے کی کوشش کی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کا اس ویڈیو سے کوئی تعلق نہیں، اور وہ خود اس اکاﺅنٹ کو آپریٹ نہیں کرتے۔ تاہم پاکستانی حکام نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ ریاستی سطح پر اس پوسٹ کو انتہائی سنجیدگی سے لیا گیا اور اسے ریاست کے خلاف سوچی سمجھی منصوبہ بندی قرار دیا گیا ہے جس کے تحت ایک ڈاکیومنٹری تیار کی گئی اور اسے عمران خان کے اکاﺅنٹ سے اپلوڈ کیا گیا۔


