بھارت، راجیو گاندھی کی قاتلہ کی جیل میں مبینہ خود کشی کی کوشش

نئی دہلی:بھارت کے سابق وزیرِ اعظم راجیو گاندھی کے قتل کی مجرمہ نے جیل میں مبینہ خود کشی کی کوشش کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کانگریس جماعت کے سابق رہنما راجیو گاندھی کے قتل کیس میں سزا یافتہ مجرمہ نالینی سری ہارن ریاست تمل ناڈو کی ویلور جیل میں گزشتہ 29 برسوں سے قید ہیں اور عمر قید کاٹ رہی ہیں۔ نالینی کی وکیل پوگا لینتھی کا کہنا تھا کہ نالینی کا جیل میں عمر قید کی سزا کاٹنے والی ایک خاتون سے جھگڑا ہو گیا تھا۔ معاملہ جیلر تک پہنچا جس کے بعد نالینی نے شب مبینہ طور پر خود کشی کی کوشش کی۔پوگا لینتھی کے بقول گزشتہ 29 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ نالینی نے یہ انتہائی قدم اٹھانے کی کوشش کی ہے۔ لہذا اس معاملے کی اصل وجوہات کا پتا کرایا جانا چاہیے۔وکیل کا کہنا تھا کہ نالینی کے خاوند بھی راجیو گاندھی کے قتل کے جرم میں عمر قید کاٹ رہے ہیں۔ ان کی طرف سے درخواست کی گئی ہے کہ سیکیورٹی خدشات کی بنا پر نالینی کو کسی اور جیل میں منتقل کر دیا جائے۔سابق بھارتی وزیرِ اعظم راجیو گاندھی کو 21 مئی 1991 کو انتخابی مہم کے دوران سریپرم در کے قریب خود کش دھماکے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔نالینی اور ان کے خاوند سمیت سات افراد کو جرم ثابت ہونے پر بھارت کی ایک عدالت نے سزائے موت سنائی تھی جسے بعد ازاں عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔جیل حکام کے مطابق نالینی ایک خاتون قیدی کو ہراساں کر رہی تھیں جسے وہ اپنی خدمت کار کے طور پر استعمال کرتی تھیں۔حکام کے مطابق مذکورہ خاتون کی طرف سے جیل حکام کو شکایت درج کرائی گئی تھی۔ جس کی تفتیش جاری تھی لیکن نالینی نے تفتیشی ٹیم سے تعاون کرنے سے انکار کر دیا ہے۔حکام کے بقول نالینی کی طرف سے دھمکی دی گئی ہے کہ اگر ان سے مزید سوالات پوچھے گئے تو وہ خود کشی کر لیں گی۔نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک سینئر پولیس افسر کا بتانا ہے کہ نالینی کی دھمکی کے بعد پولیس حکام سیل سے باہر چلے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں