ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ، امریکا نے پاکستان کو ہرا دیا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کو اپ سیٹ شکست ہوگئی، امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو باآسانی ہرادیا۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا اور ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کیلئے 19 رنز کا ہدف دیا، قومی ٹیم صرف 13 رنز بناسکی۔ پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 159 رنز کا ٹوٹل بنایا جواب میں امریکا کی ٹیم بھی 20 اوورز میں 159 رنز بناسکی، تاہم سپر اوور میں ہوم ٹیم نے پاکستان کو آو¿ٹ کلاس کردیا۔ ڈیلس میں کھیلے گئے گروپ اے کے اس میچ میں امریکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جہاں اسکی ابتدائی دو وکٹیں 14 رنز پر گر گئیں۔ محمد رضوان 9 اور عثمان خان 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سپر اوور میں امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18 رنز اسکور کیے اور گرین شرٹس کو 19 رنز کا ہدف ملا۔ جواب میں پاکستان کی جانب سے افتخار احمد اور فخر زمان کریز پر اترے پر وہ بھی ٹیم کو میچ نہ جتواسکے۔ پاکستان 19 رنز کے تعاقب میں ایک وکٹ پر 13 رنز بناسکا اور امریکا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا ہوا۔ امریکا کی رواں ورلڈکپ میں دوسری کامیابی ہے، اس نے پہلے میچ میں کینیڈا کو ہراہا تھا۔ پاکستا ن کے خلاف جیت کے بعد امریکا گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر آگیا۔