یکم جولائی سے تمام شعبوں پر ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے پیکیج میں توسیع کرکے 8 بلین ڈالر قرضہ دینے کی درخواست کردی۔پاکستان نئی توسیعی فنڈ سہولت کے تحت اپنے بقیہ زیادہ سے زیادہ کوٹہ کو تقریبا مکمل طور پر حاصل کر لے گا۔ یہ رقم عالمی قرض دہندہ کی جانب سے اب تک کی پیشکش کی گئی رقم سے تقریبا 2 بلین ڈالر زیادہ ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد سابق اقدامات کو نافذ کرنے کے ساتھ نئے بیل آوٹ پیکیج کے سائز اور روایتی طور پر تین دو طرفہ قرض دہندگان کی طرف سے کسی بھی نئے قرض سے متعلق امور پر بات چیت کا آپشن باقی رہے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے ای ایف ایف کے تحت تقریبا 8 بلین ڈالر مانگے ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت کو لچکدار اور پائیداری کی سہولت (آر ایس ایف )کے تحت کوئی بھی فناسنگ مل سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف تمام شرائط کی تکمیل سے مشروط 6 بلین ڈالر کا معاہدہ کرنے پر آمادہ ہے۔آئی ایم ایف میں پاکستان کا کوٹہ 2.03 بلین سپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آرز)یا 2.7 بلین ڈالر ہے۔ ایک ملک زیادہ سے زیادہ 435 فیصد کوٹہ حاصل کر سکتا ہے۔ اس کے تحت پاکستان 11.7ارب ڈالر حاصل کرسکتا ہے۔


