عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری، صوبائی حکومتیں مجھے آزاد نہیں دیکھنا چاہتیں، اپوزیشن لیڈر

اسلام آ باد (آئی این پی ) انسداد دہشتگردی عدالت سرگودھا نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ اس حوالے سے عمر ایوب خان نے اپنے بیان میں کہا کہ اے ٹی سی سرگودھا نے میرے وارنٹ گرفتاری جاری کیے، اسلام آباد پولیس اور میانوالی پولیس نے میرے گھر چھاپا مارا ہے۔ عمر ایوب نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اور ایجنسیاں مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہیں۔ علاوہ ازیںقومی اسمبلی میں قائد احزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ پنجاب اور وفاقی حکومت میری گرفتاری کے لیے بے تاب ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے دعوی کیا کہ سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت نے میرے وارنٹ جاری کیے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں واقع میرے گھر پر اسلام آباد اور میانوالی پولیس نے چھاپے مارے ہیں۔رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ فارم 47 والی وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور ایجنسیاں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی گرفتاری کے لیے بہت بے چین ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ وہ بلا شبہ ثابت کریں گے کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں