ٹیکس وصولی نہ بڑھائی تو آئی ایم ایف سے کبھی جان نہیں چھوٹے گی، وزیر خزانہ

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر پاکستان اپنے ٹیکس محصولات میں خاطر خواہ اضافہ نہیں کرتا تو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مالی امداد کے پیکجز کا حصول جاری رہے گا۔محمد اورنگزیب نے برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس ماہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف کی سطح کے ایک قرضے کے معاہدے تک پہنچنے کےلئے پرامید ہیں لیکن اگر ہم اپنی ٹیکس آمدنی میں اضافہ نہیں کرتے ہیں تو یہ ہمارا آخری فنڈ پروگرام نہیں ہوگا۔محمد اورنگزیب نے کے ایس ای 100 انڈیکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے سفر کی سمت مثبت ہے، اور سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ میں اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پھر بھی، حکومت کو پاکستان کو طویل مدتی ترقی اور قرض کی پائیداری کے راستے پر ڈالنے میں کافی چیلنجز درپیش ہیں۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ 2000 کی دہائی کے وسط سے پاکستان کے قرضوں میں اضافہ ہوا کیونکہ حکام بین الاقوامی بانڈ ہولڈرز، چین اور خلیجی ممالک سمیت دیگر ممالک کے قرضوں کے ایک بڑے حصے سے پیداواری اور برآمدات پر مبنی شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں ناکام رہے، اس کے بجائے، ملک کا انحصار درآمدات پر ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں