کسی سیاسی جماعت کا ایجنڈا عوام نہیں، ٹیکسز کو واپس لینا ہوگا، حافظ نعیم

لاہور ( این این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے سیاسی جماعتیں اپنے کاموں میں لگی ہوئی ہیں،کسی کا ایجنڈا عوام نہیں، حکمران آئی ایم ایف کا کہہ کر مہنگائی بڑھاتے ہیں،ظلم کا نظام اور اشرافیہ کی مراعات ختم ہونی چاہیے،پاکستان بھر میں عوامی رابطہ مہم تیز کر رہے ہیں،12جولائی کو عوام کے حقوق کے لیے دھرنا دے رہے ہیں،جاگیرداراور وڈیرے ٹیکس نہیں دیتے جبکہ تنخواہ دار طبقے کو تختہ مشق بنایا گیا ہے، آئی ایم ایف کے بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں،حکومت کو ہر صورت میں بجلی کے بلوں میں کمی اور ظالمانہ ٹیکسز کو واپس لینا ہو گا،جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں کو تباہ کیا گیا،حکومت کسانوں سے گندم خریدنے سے انکار کرتی رہی اور اب آٹے کا بحران پیدا ہوا۔شوگر ملز گنا خریدنے کے بعد کسانوں کو پیسے نہیں دیتی، صوبے کے نام پر جنوبی پنجاب کے کسانوں کا استحصال کیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرامیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی را محمد ظفر،سیکرٹری جنرل صوبہ پنجاب جنوبی صہیب عمار صدیقی اورامیر ضلع ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں