افغانستان سے بارڈر سیل کرنے کیلئے ایران نے دیوار کی تعمیر شروع کردی
تہران (آئی این پی ) ایران نے تخریب کاری کے خدشات کے پیش نظر افغانستان کے ساتھ سرحد سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق 2021 میں افغانستان میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے خطے اور بالخصوص پڑوسی ممالک میں تخریبی کاروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ طالبان کے زیر اثر متعدد تخریب کار تنظیموں مثلا ٹی ٹی پی اور اسلامی ریاست خراسان کو افغان سرزمین پر محفوظ پناہ گاہیں میسر ہیں۔ حال ہی میں ایران نے تخریب کاری کے واقعات کے پیش نظر افغانستان کے ساتھ سرحد سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق طالبان کی سرپرستی میں تخریب کار تنظیموں کی جانب سے پاکستان اور ایران میں تخریب کاری کی کارروائیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ بڑھتی تخریب کاری کی در اندازی سے تنگ آ کر ایران نے افغان سرحد پر 3 سو کلو میٹر لمبی اور 4 میٹر اونچی دیوار کھڑی کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔ اس سے قبل ایرانی وزیر دفاع محمد رضا اشتیانی نے کہا تھا کہ افغانستان میں تخریب کار گروہوں کی بحالی اور فعال ہونا خطے کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔


