وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ترجمان کی تعیناتی کیخلاف آئینی درخواست سماعت کیلئے منظور
کوئٹہ( این این آئی) بلوچستان ہائی کورٹ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ترجمان کی تعیناتی کے خلاف آئینی درخواست سماعت کیلئے منظور کر تے ہوئے دو ہفتوں کے اندر فریقین کو جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ جمعرات کو بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز سواتی اور جسٹس عامر رانا پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ایڈوکیٹ عبدالصادق خلجی کی درخواست پر سماعت کی ، سما عت کے دوران درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ترجمان کی تعیناتی کرکے آئین کی خلاف ورزی کی ہے ترجمان حکومت بلوچستان کی تعیناتی بلوچستان ہائی کورٹ گزشتہ سال خلاف آئین قرار دے چکی ہے بلوچستان ہائی کورٹ کے واضح فیصلے کے باوجود وزیر اعلیٰ نے ترجمان مقرر کرکے آئین اور عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کی ہے ہائی کورٹ قرار دے چکی ہے کہ ترجمان کی ذمہ داریاں ڈی جی پی آر کی ہیں ، لہٰذا سرکاری آفیسر ترجمان کا کردار ادا کریں ، بلوچستان ہائی کورٹ نے ابتدائی سماعت میں درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین سے اگلی سماعت پر جواب طلب کر لیا۔


