آئی پی پیز معاملے پر جماعت اسلامی سے مناظرے کیلئے تیار ہیں، وفاقی وزیر توانائی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری کا کہنا ہے کہ وہ آئی پی پیز کے معاملے پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے ساتھ اوپن مناظرے کے لیے تیار ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری کا کہنا تھا کہ وہ حافظ نعیم الرحمان کے ساتھ اوپن مناظرے کے لیے تیار ہیں لیکن ہوسکتا ہے کہ اچھی خبریں آنا شروع ہوجائیں اور وہ پہلے ہی اٹھ کر چلے جائیں۔ سردار اویس لغاری کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے معاملے کو اجاگر کرنا قابل تعریف ہے لیکن اس پر سیاست مناسب نہیں۔ دوسری جانب امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے دھرنے کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ عوام کو ریلیف دینا ہماری سیاست ہے، حکومت بجلی کے بلوں کی مد میں عوام کو ریلیف دے، بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کا جو سلیب بنایا ہے اس پر نظرثانی ہونی چاہیے، حکومت کو اب عوام کو ضرور ریلیف دینا پڑےگا۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ وہ آئی پی پیز جن کا تعلق حکومت سے ہے ان کی کیپسٹی پیمنٹ تو ابھی ختم ہوسکتی ہے۔ اضافی ٹیکس اور آئی پی پیز کیپسٹی پیمنٹ عوام ادا نہیں کریں گے، آئی پی پی پیز سے کیے جانے والے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے، لوگوں نے موٹرسائیکل بیچ کر بجلی کے بل اداکیے ہیں، حکومت اپنی مراعات کم کرکے عوام کو ریلیف دے۔