یمنی حوثی ملیشیا کا خلیج عدن میں تجارتی جہاز پر میزائلوں سے حملہ

صنعا (صباح نیوز)ایران کی حمایت یافتہ یمنی حوثی ملیشیا نے بھی بحیرہ احمر اور خلیجِ عدن میں اپنی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے جہازوں پر حملے شروع کرد یئے ، خلیجِ عدن میں لائبیریا کے پرچم بردارتجارتی جہاز کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔حوثیوں کے حملے سے جہاز کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔ یہ جہاز جبوتی جارہا تھا۔ 20 جولائی کو حدیدہ کے علاقے میں اسرائیل کے فضائی حملے کے بعد یہ حوثیوں کی طرف سے خلیجِ عدن یا بحیرہ احمر سے گزرنے والے مال بردار اور دیگر جہازوں پر پہلا حملہ ہے۔جبوتی جانے والے جہاز ایم وی گروٹن پر حملے کی اطلاع حوثی ملیشیا کے ترجمان یحییٰ ساری نے ٹیلی ویژن پر جاری کئے جانے والے ایک بیان میں دی۔ اس جہاز کو عدن کی بندر گاہ سے 125 ناٹیکل میل کے فاصلے پر نشانہ بنایا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں