برطانیہ میں نسلی فسادات پر قابو پانے کیلئے کوبرا میٹنگ طلب، شرپسندوں کیلئے جیلیں تیار
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے نسل پرستانہ فسادات پر قابو پانے کے لیے کوبرا میٹنگ طلب کرلی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں کوبرا میٹنگ حالت جنگ جیسی صورتحال میں بلائی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اجلاس میں گزشتہ ہفتے ہونے والے نسل پرستانہ حملوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی پر غور کیا جائےگا۔ برطانوی وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ اب تک ڈیڑھ سو شرپسندوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور سیکڑوں کی ویڈیوز سے نشاندہی ہوچکی ہے، شرپسندوں کے لیے جیلیں تیار کرلی گئی ہیں اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا۔ خیال رہے کہ برطانیہ میں دائیں بازو کے حامی ساﺅتھ پورٹ میں بچوں کے قتل کے بعد سے احتجاج کر رہے ہیں۔ احتجاج اور نسل پرستانہ فسادات میں مسلمانوں اور ان کی املاک کو نشانہ بنایا جارہا ہے، 2 درجن سے زائد شہروں میں نسل پرستوں کے حملوں میں ڈیڑھ سو پولیس اہلکار اور درجنوں شہری زخمی ہوچکے ہیں۔ برطانوی حکام نے پرتشدد واقعات کا ذمہ دار سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی افواہوں کو قرار دیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا کہنا ہے کہ مسلم کمیونٹی اور مساجد کی حفاظت کے لیے ہر ضروری قدم اٹھایا جائےگا۔


