بشریٰ بی بی کو عدالت پیش نہ کیا جا سکا
راولپنڈی (صباح نیوز) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کیس کی سماعت کے سلسلے میں پیش کرنے سے معذرت کرلی۔ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش اور جسمانی ریمانڈ کی سماعت کے معاملے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی نے انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کو خط لکھ دیا۔خط میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اڈیالہ جیل میں سماعت ممکن نہیں، جیل میں 190 ملین پائونڈ کی سماعت بھی ہونی ہے۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو سکیورٹی وجوہات کے باعث پیش نہیں کیا جاسکتا۔وکلا صفائی نے کہا کہ عدالتی احکامات کے سامنے سپرنٹنڈنٹ جیل کے خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔اے ٹی سی نے بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر سماعت مقرر کی تھی۔


